نیٹو سپلائی روکنے پر اے این پی نے سینٹ میں تحریک التواء جمع کرا دی
اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی نے تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپی کے میں نیٹو سپلائی روکنے کے اقدام کو ایوان بالا میں زیر بحث لانے کے لئے تحریک التواء سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔ بدھ کو اے این پی کے سینیٹرز افراسیاب خٹک، زاہد خان اور دائود اچکزئی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ وفاق کی طرف سے دی گئی نیٹو سپلائی خیبر پی کے میں روکے جانا ایک نازک معاملہ ہے۔ یہ سپلائی پاکستان کی طرف سے کئے گئے ایک معاہدے کے تحت ہے اس سپلائی کے روکے جانے سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تشویش پھیل گئی ہے۔ ایک پارٹی کے اقدام کی وجہ سے پوری ملک کی ساکھ دائو پر لگ گئی ہے۔ اس لئے اس ایشو کو ایوان میں زیر بحث لایا جائے اور وفاقی حکومت اس اہم ایشو پر قوم کو اعتماد میںلے۔