• news

ہنگو ڈرون حملہ‘ ایف آئی آر نہیں بدل سکتی‘ امریکہ اور سی آئی اے کے خلاف ثبوت ملے تو نام چالان میں شامل کرلینگے: آئی جی خیبر پی کے

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) آئی جی خیبر پی کے ناصر درانی نے کہا ہے کہ ہنگو ڈرون حملے کی ایف آئی آر تبدیل نہیں ہو سکتی، ٹھوس شواہد ملے تو امریکہ اور سی آئی اے کا نام چالان میں شامل کر لیا جائے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کسی کے کہنے پر کسی کا نام چالان میں شامل نہیں کریں گے، ہنگو ڈرون حملے میں کمرے کو نشانہ بنایا گیا۔ میزائل کے ٹکڑے اکٹھے کرکے ٹیکنیکل سیکشن کو بھیج دئیے ہیں۔ رپورٹ سے پتہ چلے گا کہ کس قسم کا میزائل تھا اور کون استعمال کرتا ہے۔ دوسری جانب ہنگو ڈرون حملہ کی ایف آئی آر کی ضمنی میں 2 نئے نام شامل کر لئے گئے۔ ایف آئی آر میں سی آئی اے ڈائریکٹر جان برینن اور پاکستان میں چیف کریگ اوستھ شامل ہیں۔ نام شامل کرنے کی درخواست پی ٹی آئی کی طرف سے آئی تھی۔ ادھر تحریک انصاف کے زیراہتمام ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی تحریک جمعرات کو چھٹے روز بھی جاری رہی اور پارٹی کارکنوں نے چار اضلاع میں پانچ مقامات پر کامیاب دھرنا جاری رکھتے ہوئے نیٹو اور امریکی افواج کیلئے رسد لے جانے والی کئی گاڑیوں کو واپس بھجوا دیا جبکہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی گاڑیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں۔ اس موقع پر اے کیو خان سکول کے بچے بھی حیات آباد دھرنا کیمپ پہنچے اور اظہار یکجہتی کیا جبکہ کالجز کے طلباء نے بھی دھرنا دیا۔ سکول کے بچوں نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈرون حملے بند کرو سمیت دیگر نعرے درج تھے۔ بچوں نے نعرے بازی بھی کی۔ آج جمعہ کو مختلف قبائلی ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے قبائل بھی دھرنے میں شریک ہوں گے۔ جمعرات کو بھی دھرنے کے شرکاء نے کابل میں امریکی سفارتخانے کیلئے جانے والے چار کنٹینرز کو واپسی پر مجبور کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن