• news

3 روز سستے بازار لگانے کے انتظامات کر لئے‘ آٹا ایکس مل ریٹ پر ملے گا: شہباز شریف

 لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے لئے ہفتے میں 3دن سستے بازار لگانے کے ا نتظامات کر لئے گئے ہیں۔ آج جمعۃ المبارک سے شروع ہونے والے  142 اتوار بازاروں میں عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں اور آٹا ایکس مل ریٹ پر دستیاب ہو گا۔ عوام کو روز مرہ استعمال کی اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فراہمی سے کوئی چیز اہم نہیں۔ اشیائے خوردنی کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کے لئے کوئی کسر ا ٹھا نہ رکھی جائے۔ انتظامیہ کے ساتھ ارکان اسمبلی بھی صبح کے وقت منڈیوں کے دورے کریں اور قیمتوں کا خود جائزہ لیں۔ قیمتوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور عوام کی سہولت کے لئے ہیلپ لائن بنائی جائے۔  پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ صوبے بھر میںکہیں سے بھی مقررہ نرخوں سے زائد پر پٹرول کی فروخت کی شکایت نہیں آنی چاہئے۔ وہ گزشتہ روز صوبہ بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ادارے ، انتظامیہ اور عوام کے منتخب نمائندے اشیائے ضروریہ کی مارکیٹوںمیں دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کے لئے محنت، جانفشانی اور قومی جذبے سے سرشار ہوکر کام کریں۔ اگرچہ مربوط حکمت عملی پر موثر عملدرآمد اور بھر پور حکومتی اقدامات کی بدولت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آیاہے تاہم ابھی اس سلسلے میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ کمشنر لاہور کی جانب سے اشیاء کی دستیابی اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کے حوالے سے اپنائے گئے میکنزم کو پورے صوبے میں لاگوکیا جائے اور اشیائے خوردنی کی طلب ورسد میں گیپ ختم کرنے اور قیمتوں کے استحکام کے کام کو چیلنج سمجھ کر کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ مارکیٹ کے نظام میں اصلاح کی ضرورت ہے، ایڈمنسٹریٹرز اور مارکیٹ کمیٹیو ںکے سیکرٹریوں پر نظر رکھی جائے جو بھی ایڈمنسٹریٹر یا سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کرپشن کا مرتکب پایاجائے تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے- پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی سکریننگ کی جائے،اچھی شہرت کے حامل او رمحنتی مجسٹریٹس مارکیٹوں میں تعینات کئے جائیں۔ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لئے موثر میکنزم ہونا چاہئے۔ سبزیوں اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کیں جائیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں اوور چارجنگ کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے۔ اوور چارجنگ کرنے وا لے پٹرول پمپس کے مالکان کے خلاف کسی بھی اثرورسوخ کو خاطر میں لائے بغیر کارروائی کی جائے اور مقررہ نرخوں سے زائد وصول کرنے والے پٹرول پمپس کے مالکان کو سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے۔ چیف سیکرٹری نے بتایاکہ آج جمعۃ المبارک سے صوبے بھر میں 142سستے بازار کام شروع کر دیں گے او را ن باز اروں میں عوام کو 20کلوگرام آٹے کا تھیلا 765روپے ایکس مل ریٹ پر دستیاب ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے ہونے والے اجلاس میں کئی اہم فیصلو ںکی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے آزادی چوک فلائی اوور، سرکلر روڈ کے متبادل روٹ، قینچی فلائی اوور، جنرل ہسپتال یوٹرن اور چونگی یوٹرن کے منصوبوں پر فی الفور کام شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کیلئے 12 ارب روپے سے زائد فنڈ کی بھی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وسائل کو امانت سمجھ کر عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے کیلئے علیحدہ کمپنی کے قیام اور بانڈز کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ علیحدہ کمپنی کے قیام سے ایل ڈی اے کی استعدادکار میں اضافہ ہوگا جبکہ بانڈز کے اجراء سے ایل ڈی اے کے وسائل بڑھیں گے اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں ایل ڈی اے کی ہائوسنگ سکیموں میں بیوائوں اور شہداء کے ورثا کا کوٹہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی اربنائزیشن کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے اور ایل ڈی اے لاہور کے ساتھ ضلع شیخوپورہ ، ننکانہ اور قصور کیلئے بھی ریجنل انفراسٹرکچر پلان تیار کرے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ڈرینج اور سیوریج کی سہولتوں کو مستقبل کی ضروریات مدنظر رکھ کر ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پلازوں میں ایل ای ڈی لائٹس اور سولر پینل کی تنصیب کو لازمی قرار دیا جائے اور کچی آبادیوں کیلئے علیحدہ بزنس پلان مرتب کرکے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر آغاز کیا جائے تاکہ کچی آبادیوں کو بھی اربنائزیشن کا حصہ بنایا جا سکے۔ لاہور سمیت صوبے میں لو کاسٹ ہائوسنگ سکیم کا قابل عمل ماڈل بنایا جائے۔ لاہور میں آئندہ 5 برس کے دوران 2 لاکھ لو کاسٹ گھروں کی تعمیر کا جائزہ لے کر منصوبہ تیار کیا جائے جبکہ سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب میں لوکاسٹ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے منصوبہ تیار کریں اور اس حوالے سے پنجاب کی سطح پر علیحدہ کمپنی بنانے کا جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں لو کاسٹ گھروں کا کوٹہ مختص کرانے کیلئے قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے کم وسیلہ طبقات کیلئے اپنی چھت کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کالاشاہ کاکو کے قریب گارمنٹس سٹی کے پاس نیا شہر آباد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گارمنٹس سٹی کے منصوبے کے باعث اس علاقے میں نیا شہر آباد کیا جا سکتا ہے۔ کیمپ جیل کو متبادل جگہ پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور کیمپ جیل کے مقام پر بزنس سنٹر بنانے کے مجوزہ منصوبے کو عملی شکل دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران لینڈ ڈسپوزل ایکٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے ضروری ترامیم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایکٹ کو سہل اور مارکیٹ ضروریات کے مطابق بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے کے علاقائی دفاتر کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ اب ایل ڈی اے کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہدرہ سے رائے ونڈ ریلوے ٹریک کے ساتھ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ ایل او ایس سے ملتان روڈ تک گندے نالے پر سڑک کی تعمیر کے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے اپنے وسائل میں اضافے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دے۔ ایل ڈی اے عملے کی استعداد کار میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔ ایل ڈی اے ایونیو ون کے زیرالتواء معاملات فی الفور حل کئے جائیں۔ ایل ڈی اے میں احتساب کا ادارہ جاتی نظام وضع کیا جائے۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے معروف ماہر امراض گردہ ڈاکٹر فرخ احمد خان کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔  

ای پیپر-دی نیشن