دہشت گردی کیخلاف پاک فوج نے بے شمار دیں‘ 6 برس کمان کرنا اعزاز ہے: کیانی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل کیانی نے سبکدوشی سے ایک روز قبل کور کمانڈروں کی الوداعی کانفرنس کی صدارت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل کیانی نے تمام کور کمانڈروں اور پرنسپل سٹاف افسروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران انہیں بھرپور معاونت فراہم کی۔ انہوں نے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی راشد محمود اور نامزد آرمی چیف راحیل شریف کو اہم ترین عہدوں کیلئے چنے جانے اور جنرل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارک باد دی۔ جنرل راشد محمود اور جنرل راحیل شریف نے کانفرنس کے شرکا سے خطاب میں جنرل کیانی کی ملک اور بری فوج کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بری فوج میں اصلاحات متعارف کرانے اور آئندہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے بری فوج کو تیار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ جنرل کیانی نے خطاب میں پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج اعلیٰ روایات کی حامل ہے، پاک فوج کی چھ سال تک کمان کرنا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ علاوہ ازیں جنرل کیانی نے صدر اور وزیراعظم سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے ملک وقوم کو درپیش چیلنجز سے عہدہ برا ہونے کیلئے جنرل کیانی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے جمہوری اداروں کے ساتھ عسکری قیادت کے اتفاق کی بھی تصدیق کی اور اس ضمن میں جنرل کیانی کی خدمات کو سراہا۔ جنرل راحیل نے آرمی چیف جنرل اشفاق کیانی کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا۔ جی ایچ کیو میں ہونے والے عشائیہ میں کور کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔