جنرل راشد نے منصب سنبھال لیا‘ آرمی چیف آج چارج لیں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے نئے چیئرمین جنرل راشد محمود نے جمعرات کو اپنا منصب سنبھال لیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ادارے کے نئے سربراہ کا خیرمقدم کرنے کے لئے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد آصف نے جنرل راشد محمود کا خیرمقدم کیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستہ نے انہیں سلامی پیش کی۔ ڈی جی نے عملہ کا نئے چیئرمین سے تعارف کرایا۔ جنرل راحیل شریف آج جمعہ کی صبح جی ایچ کیو میں ایک تقریب کے دوران بری فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ جنرل کیانی چھ برس تک فوج کی کمان کرنے کے بعد اسی تقریب کے دوران کمان کی روایتی چھڑی جنرل راحیل کے سپرد کر کے خود ریٹائر ہو جائیں گے۔ کمان کی تبدیلی کی تقریب ساڑھے دس بجے جی ایچ کیو میں ہو گی۔ ارکان پارلیمنٹ، اعلیٰ سول و فوجی حکام، عمائدین اور میڈیا کو پہلے ہی اس تقریب میں شرکت کے دعوت نامے جاری کئے جا چکے ہیں۔ اے این این کے مطابق جنرل راحیل فوج میں سب سے پہلا کام اعلیٰ سطح پر تقرریوں اور تبادلوں کا کریں گے۔ آئی جی ٹریننگ اینڈ ایلولیشین کے عہدے کے علاوہ جنرل راشد محمود کے خالی ہونے والے چیف آف جنرل سٹاف اور جنرل ہارون اسلم کے سپر سیڈ ہونے سے خالی ہونے والے عہدے چیف آف لاجسٹک سپورٹ کے عہدے پر تعیناتیاں کریں گے۔ ان عہدوں پر تعیناتیوں سے خالی ہونے والے ماتحت عہدوں پر بھی تعیناتیاں کی جائیں گی۔