قبائلی جرگے نے حکومت سے ڈرون حملے رکوانے کا مطالبہ کیا ہے: فضل الرحمن
اسلام آباد+ لاہور (آئی این پی+ خصوصی نامہ نگار) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قبائلی مشران نے جرگہ میں مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ڈرون حملے رکوانے کے لئے موثر اقدامات کرتے ہوئے قیام امن کیلئے فاٹا کے عوام کے ساتھ طے شدہ حکمت عملی کی روشنی میں عملی اقدامات کرے، فاٹا کے آئی ڈی پیز ملک بھر میں در بدر ہیں ان کی فوری بحالی کے لئے یقینی اقدامات کئے جائیں، قبائلی جرگہ پر نہ تو کسی سیاسی جماعت کی طرف سے اور نہ ہی تحریک طالبان کی طرف سے کبھی عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ وہ قبائلی مشران کے جرگے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی جرگے کا مقصد قیام امن ہے۔ حکومت کی جانب سے مذاکرات سے متعلق کوئی حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔ عام انتخابات سے قبل بھی اسلام آباد میں قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ موجودہ جرگہ اس کا تسلسل ہے۔ جرگہ نے ڈرون حملوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے ڈرون حملے رکوانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت قیام امن کے لئے حکمت عملی طے کرے تو اس کا طریقہ کار متعین کرنا بھی حکومت کا کام ہے۔ قبائلی جرگہ قیام امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ جرگے کے فیصلوں سے حکومت یا طالبان میں سے کسی نے اختلاف ظاہر نہیں کیا۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان نے میڈیا کو بتایا کہ فضل الرحمن کی دعوت پر ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کر نے کے لئے اسلام آباد میں آج (جمعہ) 29نومبر کو مذہبی جماعتوں کا اجلاس بلا یا گیا ہے۔