• news

کراچی میں فائرنگ، متحدہ کے سابق کارکن سمیت 4 افراد جاں بحق

کراچی میں فائرنگ، متحدہ کے سابق کارکن سمیت 4 افراد جاں بحق

کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کارکن سمیت 4افراد قتل اور 3زخمی ہوگئے۔ محمود آباد تھانے کی حدودکشمیر کالونی میں ڈاکوﺅں نے لوٹ مار میں مزاحمت پر ہوٹل کے مالک عبداللہ کو قتل کردیا‘ چنیسر گوٹھ ریلوے پھاٹک فٹ بال گراﺅنڈ کے قریب سڑک کنارے بیٹھے 40 سالہ رفاقت حسن کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ سرجانی ٹاﺅن میں مدینہ چائے کے ہوٹل پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار اندھادھند گولیاں برسا کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 35 سالہ عبدالجبار موقع پر ہی ہلاک جبکہ ساتھ بیٹھا ہوا علاﺅالدین ولد خلیل الرحمن نامی شخص زخمی ہوگیا۔ مقتول متحدہ کا سابق کارکن تھا۔ اورنگی ٹاﺅن گلشن بہار میں ڈاکوﺅں نے لوٹ مار میں مزاحمت پر مرغی فروش منصور اور شاہ لطیف ٹاﺅن کے علاقے قائد آباد پل کے قریب ڈاکوﺅں نے ضمیر شاہ کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ ناظم آباد بورڈ آفس کے نزدیک ایک شخص کو گولیاں مارکر ہلاک کردیا گیا۔ بلوچ کالونی پل پر بھی نامعلوم شخص کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ نارتھ ناظم آباد کے نگینہ سکوائر میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 15افراد کو گرفتار کرلیا۔
کراچی قتل

ای پیپر-دی نیشن