حکومت عوام پر مہنگائی کے حملے بند کرے: ابراہیم مغل
لاہور (نیوز رپورٹر) ملک میں جاری مہنگائی کی لہر سے جنوری میں بجلی کے بلٹائم بم، گیس کے بل ڈرون حمیل اور آٹے کی قیمتیں ایٹم بم کی شکل میں قوم پر حملہ کرے گی۔ سرپرست ایگری فورم پاکستان ڈاکٹر ابراہیم مغل نے ایک بیان میں کہا کہ کیونکہ میکرو لیول پر ملکی پیداوار میں27فیصد کمی آ گئی ہے اور اس کمی کو دور کرنے کیلئے حکومت کوئی بھی لائحہ عمل بنانے میں بری طرح ناکام ہے۔ ہماری موجودہ صورتحال میں جہاں خوراک کے علاوہ دیگر بنیادی ضروریات کی بھی شدید قلت ہے ان حالات میں سوسائٹی کے ساتھ مل کر حکمرانوں کو ایک جامعہ پالیسی بنانی چاہئے لیکن ایسا نہیں ہو رہا ۔ ڈر ہے کہ جنوری میں بجلی کے بل دل کے دورے کا سبب، گیس کے بل گھروں میں لڑائی اورآٹے کی مہنگائی عوام کو خود کشیوں پر مجبور کرے گی۔ ڈاکٹر ابراہیم مغل نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر آج بھی ملک میں معاشی بچت ایمرجنسی نافذ کر کے غیر ترقیاتی اخراجات فی الفور25 فیصد مزید کم کر دیئے جائیں، زندگی میں سادگی لے آئیں، اندرونی و بیرونی دورے کم کر دیں تو اس طرح 200 سے 300 ارب روپے کی بچت کر کے بجلی میں20 فیصد گیس میں 15 فیصد اور آٹے کی قیمت میں25فیصد رعایت دے کر پاکستانیوں کی زندگیاں آسان بنائی جا سکتیں ہیں۔ انہوں نے حکومت کو یہ بھی مشورہ دیا کہ غیر ملکی پاکستانیوں سے اپیل کر کے 5 سے 10 ارب ڈالر ملک میں منگوائے جائیں تاکہ ملک میں غیر ملکی کرنسی کی حالت بہتر ہو سکے۔