• news

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آخری ون ڈے آج کھیلا جائے گا

سینچورین (سپورٹس ڈیسک/ نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آخری ون ڈے آج کھیلا جائے گا ۔ کھلاڑیوں کی نظریں سیریز میں کلین سویپ پرلگی ہیں۔ڈیل سٹین اور جیک کیلس انجریز کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے وہ آخری ون ڈے نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کا متبادل کون ہو گا اس کا فیصلہ تو ابھی نہیں ہوا ،البتہ ٹیم پاکستان کے لئے سیریزمیں وائٹ واش کے امکانات ضرور بڑھ گئے ہیں۔کیپ ٹائون میں پہلے مقابلے میں سٹین اپنی بائیں ٹانگ پکڑے دکھائی دیئے تھے ۔ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے فاسٹ بائولر کو بھارت کے خلاف ہوم سیریز کیلئے تازہ دم رکھنے کی خاطر آرام دیا ہے ۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہو گا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈویلیئرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دو میچ ہارنے کے باوجود حوصلے پست نہیں ہوئے۔ آج کامیابی حاصل کرکے کلین سویپ سے بچیں گے۔ ڈیل سٹین اور جیک کیلس کی کمی محسوس ہو گی۔ کامیابی حاصل کرنے  کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ سیریز میں فیصلہ کن کامیابی حاصل کرنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ آج کوشش کریں گے کہ کلین سویپ کرکے پہلی شکستوں کا بدلہ چکا دیں۔ فائنل ٹیم کا فیصلہ بھی میچ سے قبل کیا جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن