• news

پنجاب میں کرپٹ افسروں، اہلکاروں کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ، فہرستیں طلب

لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب حکومت نے محکمہ اینٹی کرپشن سے تمام سرکاری محکموں کے کرپٹ افسروں و اہلکاروں کی فہرستیں طلب کر لیں، 15 دن کے اندر ریکارڈ مرتب کر کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے اینٹی کرپشن کی جانب سے اشتہاری قرار دئیے جانے والے تمام سرکاری ملازمین کو فوری طور پر نوکریوں سے فارغ کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔ اینٹی کرپشن تمام سرکاری محکموں کو اشتہاری افسروں و ملازمین کی فہرستیں فراہم کرے گا، اس کے بعد اہم سیٹوں سے ہٹا دیا جائے گا اور ان کی جگہ نئے افسر تعینات کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو احکامات دئیے گئے ہیں کہ کرپشن میں ملوث ان تمام محکموں کے سرکاری افسران و اہلکاروں کے ریکارڈ کے حوالے سے سوفٹ ویئر تیار کیا جائے جس میں ان تمام افراد کا ڈیٹا رکھا جائے تاکہ انہیں کسی اہم سیٹ اور دوبارہ سرکاری نوکری پر تعینات نہ کیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن