سپریم کورٹ سے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمشن کو توہین عدالت کا نوٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری اور مسٹر جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل دورکنی بنچ نے عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنے اور غفلت برتنے پر وفاقی پبلک سروس کمشن کے چیئرمین کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے روبرو راجہ ظاہر نے صاحبزادہ انور حمید ایڈووکیٹ کی وساطت سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گذار/ وفاقی آفیسر کو 2002ء سے ترقی دینے کے معاملہ کو التوا میں رکھا گیا۔ فاضل عدالت نے وفاقی آفیسر کو ترقی دینے کے لئے وفاقی پبلک سروس کمشن کو اجلاس طلب کرنے کا حکم دیا تھا لیکن یہ اجلاس تب طلب کیا گیا جب آفیسر عہدہ سے ریٹائر ہو گیا۔ جس پر فاضل عدالت نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے چیئر مین پبلک سروس کمشن کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔