فورٹ عباس میں ماں اور بیٹی سے اجتماعی زیادتی کرنیوالے ملزموں کا چالان پیش ہائیکورٹ کا مقدمہ جلد نمٹانے کا حکم
لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ماں اور بیٹی کے ساتھ زیادتی کے واقعہ کے ملزموں کے خلاف چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر پولیس نے فورٹ عباس میں باپ کے سامنے 15 سالہ بیٹی اور اس کی بیوی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعہ میں ملوث ملزموں کو گرفتار کر کے انکے خلاف مکمل پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ عدالت عالیہ کے کمپلینٹ سیل نے معاملہ کو نمٹاتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ جلد از جلد شفاف و آزادانہ ٹرائل کو یقینی بنایا جائے۔ چک نمبر257 ایچ کا رہائشی شکور اس کی بیوی اور بیٹی گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ رات گیارہ بجے پانچ نقاب پوش اسکے گھر میں داخل ہوئے اور محمد شکورکوچارپائی کے ساتھ باندھ دیا، بیوی اور بیٹی کے ساتھ زیادتی کرتے رہے۔ متاثرہ خاندان نے ایک ملزم شاہد عرف شادی کو پہچان لیا تھا۔ عدالت عالیہ کے کمپلینٹ سیل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیشن جج بہاولنگر سے رپورٹ طلب کی جس پر سیشن جج نے کہا متعلقہ پولیس کو ہدایات جاری کی گئیں ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے جلد گرفتار کیا جائے۔ پولیس نے ملزم شاہد کو حراست میں لے لیا جس نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر دیگر ملزموں عابد اور عرفان کو بھی گرفتار کر لیاگیا جبکہ دو زاہد اور زبیر تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔