وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صحت یابی کیلئے سعودی شاہی خاندان اور فضل الرحمن کی دعائیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + این این آئی) سعودی عرب کے شاہی خاندان نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عبدالعزیز ابراہیم الغدیر نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی سفیر نے شاہی خاندان کی طرف سے اسحاق ڈا رکیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا اور اسحاق ڈار کو بتایا کہ سعودی شاہی خاندان نے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ مزید برآں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمن نے اسحاق ڈار کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے صحت یابی کیلئے دعا کی جبکہ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔