• news

کمیشن کم کرنے، کریک ڈائون کیخلاف پٹرول پمپ مالکان کی کئی شہروں میں ہڑتال

لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ آن لائن) پٹرول پمپ مالکان نے کمشن کم کرنے اور اپنے خلاف اوور چارجنگ پر کریک ڈائون کیخلاف وہاڑی، بہاولپور، حاصل پور سمیت کئی شہروں میں ہڑتال کردی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی علاقوں میں پٹرول بلیک میں 180 روپے سے 200 روپے فی لٹر تک فروخت ہوتا رہا۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی خبر پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں پٹرول کی سیل بند کردی گئی جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ حاصل پور سے نامہ نگار کے مطابق ہڑتال کے باعث پٹرول پمپوں پر پٹرول، ڈیزل فروخت نہ ہونے پر عوام کو مشکلات و پریشانیوں کا سامنا رہا۔ پٹرول دکانوں پر مہنگے داموں تقریباً 180 روپے فی لٹر فروخت ہوتا رہا، سی این جی پمپ بھی بند رہے۔ گڑھ مہاراجہ سے نامہ نگار کے مطابق تحصیل احمد پورسیال کے پیڑول پمپوں کی ہڑتال سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کرتے ہوئے ضلع بھر کے پٹرول پمپ بند کردئیے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق ضلع بہاولپور میں 160 پٹرول پمپوں نے کمشن میں اضافہ کیلئے ہڑتال کی اور عوام کو پٹرول کی سپلائی بند رکھی جس سے عوام شدید پریشان رہے جبکہ انہیں ٹرانسپورٹ کی کمی کا بھی سامنا رہا۔ کئی مختلف علاقوں میں کھلا پٹرول 180 روپے سے 200 روپے لٹر تک فروخت ہوتا رہا۔ جھنگ سے  نامہ نگار کے مطابق  ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مبینہ طور پر پٹرول پمپوں کے کاروبار میں بیجا مداخلت کے خلاف ضلعی  پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر تمام پٹرول پمپ مالکان نے پٹرول اور ڈیزل کی فروخت بند کر کے پمپ بند کردئیے۔

ای پیپر-دی نیشن