صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت کے تحت پبلک اکائونٹس کمیٹی ون کے چیئرمین کا عہدہ اپوزیشن لیڈر کو دینے کے علاوہ پانچ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے
لاہور (خصوصی نامہ نگار + خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت کے تحت پبلک اکائونٹس کمیٹی ون کے چیئرمین کا عہدہ اپوزیشن لیڈر کو دینے کے علاوہ پانچ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عمران خان ڈرون ڈرامہ ناکام ہونے کے بعد اب مہنگائی ڈرامہ شروع کرنے جارہے ہیں۔ وفاقی حکومت کی سکیم کالے دھن کو سفید کرنے کیلئے نہیں بلکہ اسکے ذریعے معیشت کو استحکام ملے گا۔ آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے پارلیمانی سیکرٹریز کے ناموں کی منظوری دیدی ہے۔ موجودہ حالات میں حکومت کے ساتھ اپوزیشن کو بھی اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ پنجاب میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تحویل میں کوئی لاپتہ شخص نہیں‘ تحریک انصاف ڈرون حملوں کو رکوانے میں سنجیدہ نہیں، انکی شعبدہ بازی، یکجہتی اور اتحاد کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ سانحہ راولپنڈی میں سب سے بڑا مسئلہ پولیس افسروں میں رابطوں کا فقدان رہا اور ہم پولیس افسران کیخلاف جلد بازی میں نہیں آئین قانون اور رولز کے تحت ہی کارروائی کرینگے۔