• news

یوم تاسیس: لاہور میں جیالے لڑ پڑے، ملتان میں کیک پر حملہ

لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی کے 46  ویں یوم تاسیس  پر پیپلز پارٹی کی تقاریب میں دھینگا مشتی، دھکم پیل، لڑائی جھگڑے اور بدنظمی کی روایت برقرار رہی۔ ایوان اقبال میں ہونیوالی یوم تاسیس کی تقریب میں سٹیج پر قبضہ کرنے کی خواہش کو پورا کرنے کیلئے کارکنوں نے ایک دوسرے کے گریبان پکڑ لئے، کارکنوں نے ایک دوسرے کو تھپڑ اور گھونسے بھی مارے یہ جھگڑا پی ایس ایف کے ورکرز کی طرف سے سٹیج پر قبضہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے والے منتظمین اور پی ایس ایف ورکرز کے درمیان ہوا۔ پی پی پی کے ورکرز کے درمیان سٹیج کے  سامنے جھگڑا اس قدر بڑھا کہ لڑائی چھڑوانے کیلئے پیپلزپارٹی لاہور کی صدر بیگم ثمینہ خالد گھرکی کو اپنی نشست سے اْٹھ کر جانا پڑا۔ انہوں نے ورکرز اور پی ایس ایف کے جیالوں کو الگ الگ کروایا اور صلح کروائی مگر اس کے باوجود سٹیج پر ’’امن‘‘ قائم نہیں ہو سکا۔ سٹیج پر موجود لیڈورں کے عین سامنے ورکرز اکٹھے رہے اور نعرہ بازی کرتے رہے اور مقررین کو پریشان کئے رکھا حتیٰ کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو کو اپنی تقریر روک کر ورکرز سے ہلا گلا بند کرنے کی التجا کی۔ تقریب کے دوران بدنظمی مسلسل جاری رہی۔ ورکرز نشستوں پر جم کر بیٹھنے کی بجائے گھومتے رہے۔ ایوان اقبال کا ہال اور بالائی گیلری جیالوں سے بھرے ہوئے تھے، جیالے سٹیج کے سامنے خالی جگہ اور سیڑھیوں پر بھی بیٹھے تھے۔ ملتان میں یوم تاسیس کی تقریب بدنظمی کا شکار رہی۔ تقاریر کے بعد جیالے کیک پر ٹوٹ پڑے۔

ای پیپر-دی نیشن