• news

نیٹو سپلائی بند رہے گی‘ 5 دسمبر کو خیبرپی کے حکومت پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاج کریگی: تحریک انصاف

اسلام آباد/ پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) تحریک انصاف کے زیراہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری احتجاجی تحریک کے آٹھویں روز بھی صوبے کے چار اضلاع میں پانچ مقامات پر نیٹو سپلائی روکنے کیلئے دھرنا جاری رہا اور خیرآباد پل سے کارکنان نے تین نیٹو سپلائی کی گاڑیاں واپس کردیں جبکہ گرفتار کئے گئے تحریک انصاف کے 6 کارکن ضمانت پر رہا ہو گئے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے کامیاب دھرنا جاری رکھتے ہوئے دھرنا کیمپس میں بڑے پیمانے پر حاضری دی۔ سپلائی روکنے کیلئے پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف کے مستقل دھرناکیمپس قائم ہیں جن میںکارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ آئی این پی کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی فوری برطرفی کا مطالبہ کر دیا۔ ایک بیان میں عمران خان نے کہا حکومت کو چاہئے وہ چیئرمین نیب کے رخصت پر جانے کا ڈرامہ کرنے کی بجائے انہیں فوری طور پر انکے عہدے سے ہٹا دے۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ نے نیب کے موجودہ چیئرمین کو این آئی سی ایل کیس میں قصوروار قرار دیکر ان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ چیئرمین نیب کا منصب ایسے شخص کے پاس ہونا چاہئے جس کی ذات پر کسی قسم کا کوئی الزام نہ ہو کیونکہ یہ موثر احتساب کیلئے ضروری ہے۔ موجودہ چیئرمین نیب کی تقرری جامع اور کڑے احتساب کے حوالے سے حکومتی بدنیتی ظاہر کرتی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے نیٹو سپلائی روکنے کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ڈرون حملوں پر حکومت کا مؤقف افسوسناک اور مایوس کن ہے۔ حکومت ڈرون حملوں کا معاملہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اٹھائے۔ حکومت آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عمل کرے۔ ڈرون حملوں سے دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عمران خان نے کہا ڈرون حملوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگا، ڈرون حملوں کو بند ہونا چاہئے۔ سیکرٹری جنرل تحریک انصاف جہانگیر ترین نے کہا ہے ڈرون حملوں کیخلاف 3 دسمبر کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاج کرینگے۔ ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی بند کرانے کی یقین دہانی تک احتجاج جاری رہے گا۔ خیبر پی کے حکومت وفاق سے نیٹو سپلائی بند کرنے کا مطالبہ کریگی۔ کور کمیٹی کا کہنا ہے نیٹو سپلائی بندش کا اصولی فیصلہ ہے، دبائو برداشت نہیں کرینگے۔ خیبر پی کے کابینہ وفاق کو ڈرون حملوں کیخلاف یادداشت پیش کریگی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اور وزراء 5 دسمبر کو اسلام آباد آئیں گے۔ این این آئی کے مطابق تحریک انصاف اور خیبر پی کے حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ ڈرون حملوں کے خلاف 5 دسمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائیگا جبکہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ڈرون حملوں کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت ڈرون حملوں کی بندش، بلدیاتی انتخابات اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ڈرون حملوں کے خلاف 5 دسمبر کو خیبر پی کے کی حکومت پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرے گی اور وفاقی حکومت کو ڈرون حملوں کے حوالے سے ایک یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اورصوبائی سپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی کے ارکان کو بھی یادداشت  پیش کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا  مہنگائی کے خلاف 22 دسمبرسے تحریک چلائے جائے گی جس میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے۔ تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ڈرون حملوں کی بندش تک نیٹو سپلائی بند رکھی جائے گی اور ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی بند کرانے کی یقین دہانی تک احتجاج جاری رہے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن