کبڈی ورلڈکپ بھارت میں شروع ۔ پاکستان ویمن ٹیم نئی تاریخ رقم کرے گی
لاہور (اے ایف پی) پاکستان ویمن کبڈی ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کرکے نئی تاریخ رقم کرے گی، 16 خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم اس کھیل میں شرکت کرنے والی پہلی مسلمان ملک کی ٹیم ہو گی۔ کھلاڑی میدان میں حریف کھلاڑیوں کو شکست دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔ 24 سالہ سیدہ فریدہ خانم کھیل میں شرکت کی اجازت کیلئے گھر والوں سے کئی سال تک لڑتی رہی، آخر کار اس کا خواب پورا ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماں کو بتا دیا تھا کہ ہر صورت میں کبڈی کے کھیل میں شرکت کروں گی۔ ورلڈکپ میں شرکت حب الوطنی اور پاکستان کی خاطر کی ہے، ہم نے بھرپور بحث کی ہے اور کامیابی اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دی ہے۔ نائب کپتان سمیرا ظہور نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں اچھٹی ٹریننگ کی ہے اور امید ہے کہ ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ ٹیم کوچ عائشہ قاضی نے کہا کہ کبڈی ایک ٹیم ایونٹ ہے جوکہ دوسرے کھیلوں سے مختلف ہے۔ عائشہ جوکہ خود فرسٹ کلاس کرکٹر اور بیس بال کی کھلاڑی ہیں، کہا کہ پاکستان پہلی بار کبڈی ورلڈکپ میں شرکت کر رہا ہے۔ امید ہے لڑکوں کی ٹیم ورلڈکپ جیتے گی اور لڑکیاں بھی مایوس نہیں کریں گی۔