• news
  • image

پاکستان وائٹ واش نہ کر سکا ۔۔ جنوبی افریقہ نے سیریز کا تیسرا ایک روزہ میچ میں جیت لیا

سنچورین (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دیدی۔ پاکستان نے سیریز دو ایک سے جیت لی۔ پاکستان پروٹیز کو ان کی سرزمین پر وائٹ واش نہ کر سکا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 46.5 اوورز میں 179 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان مصباح الحق کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ پاکستان کا آغاز ہی مایوس کن تھا۔ اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے۔ پاکستان نے ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں جو کارگر ثابت نہ ہو سکیں۔ دوسرے میچ میں سنچری بنانے والے احمد شہزاد آخری میچ میں صفر رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ عمر امین کو اوپنر کی حیثیت سے کھلایا گیا جو 25رنز بنا سکے۔ اسد شفیق کو ایک اور موقع دیا گیا تاہم وہ فائدہ نہ اُٹھا سکے اور صرف ایک سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ صہیب مقصود 25، عمر اکمل 5، بلاول بھٹی ایک، انور علی ایک، عبدالرحمن 22، سہیل تنویر 6 اور سعید اجمل صفر سکور پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان مصباح الحق 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ورنن فلینڈر نے 3، تسوبے اور میکلیرن، عمران طاہر نے دو دو جبکہ پارنیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ نے ہدف 38.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ کوئنٹن ڈی کاک 15، ہاشم آملہ 41، ہنری ڈیوڈز 7، ڈومینی 16، ڈیوڈ ملر 24، میکلیرن 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان اے بی ڈویلیئرز 48 اور پارنیل 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سعید اجمل نے 2، سہیل تنویر، بلاول بھٹی اور عبدالرحمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سعید اجمل کو مین آف دی سیریز اور ورنن فلنڈر کو میچ آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا ۔ ہنری ڈیوڈز نے ون ڈے ڈیبیو کیا۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن