عالمی برادری پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی واپسی میں معاونت کا وعدہ پورا کرے: اقوام متحدہ
اسلام آباد (آن لائن) اقوام متحدہ نے عالمی برداری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے منصوبے کے لیے معاونت کے وعدوں کی پاسداری کو یقینی بنائے۔عالمی ادارے کے دفتر برائے پناہ گزین ’’یو این ایچ سی آر‘‘ کے پاکستان میں نمائندے نیل رائٹ کا کہنا تھا کہ ’’بوجھ بٹانے کے لیے اضافی عالمی تعاون افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں اس خطے میں لوگوں کی آبادکاری جیسے معاملے میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘‘نیل رائٹ نے یو این ایچ سی آر کے سربراہ انتونیو گوٹریس کے افغانستان میں 2014ء میں پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق ایک بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مستقبل پر اثر انداز ہونے اور لاکھوں افغان پناہ گزینوں کے معاملے کے با مقصد حل کے لیے عالمی برادری کے پاس اچھا موقع ہے۔حکومت پاکستان کے کمشنر برائے افغان پناہ گزین عباس خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ یو این ایچ سی آر کی طرف سے یہ بیان عالمی برادری کے لیے یاد دہانی ہے کہ اْنھوں نے گزشتہ سال مئی میں ہونے والی جنیوا کانفرنس میں جو وعدہ کیا تھا اْسے اب پورا کیا جائے۔