• news

کراچی میں خواجہ سرائوں کے قتل کی وارداتوں کیخلاف ساتھیوں کا پریس کلب کے سامنے مظاہرہ

کراچی (آئی این پی) جینڈر انٹر ایکٹو الائنس کی صدر بندیا رعنا نے کہا ہے شہر میں ایک ہفتے کے دوران 11 خواجہ سرائوں کو قتل کیا جا چکا جن کے قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوئے، سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود خواجہ سرائوں کے مسائل حل نہیں ہوئے ہیں جس کی وجہ سے خواجہ سرا جسم فروشی اور بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔ وہ ہفتے کو پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ مظاہرے میں درجنوں خواجہ سرا موجود تھے جنہوں نے بینرز و پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں خواجہ سرائوں کو ملازمتیں دینے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سرائوں کے ساتھ امتیازی سلوک قابل مذمت ہے انہیں دیگر شہریوں کی طرح بنیادی حقوق حاصل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا  ایڈز جیسی مہلک بیماری سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ خواجہ سرائوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن