• news

چمن سے سپن بولدک تک ریلوے رابطہ قائم ہو گا، پاکستان افغانستان مشترکہ اعلامیہ

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان اور افغانستان نے 2015 تک باہمی تجارت کاحجم 5 ارب ڈالر تک لے جانے پراتفاق کیا ہے۔  وزیراعظم محمد نواز شریف نے افغانستان میں تعمیر نو میں پاکستانی امداد ساڑھے اڑتیس کروڑ سے بڑھا کر 50کروڑ کرنے کا اعلان کیا ہے۔  صدر کرزئی کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کو تعاون کیلئے علاقائی اقدامات کو مضبوط بنانے میں ہرممکن تعاون کرے گا  افغان امن جرگہ نے پاکستان کی امن کوششوں میں مدد پر شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف  کے دورہ افغانستان  کے  بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے دورہ افغانستان میں پاکستان افغان قیادت نے دوطرفہ تعلقات پر گہری مشاورت کی۔ ملاقات میں افغان امن مفاہمتی عمل اوراتحادی افواج کے افغانستان سے انخلاء کے بعد کی صورت حال اور 2014 کا منظر نامہ زیرغور رہا۔ دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ ملاقات میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کو بھی آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔  مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقوں نے پشاور اور کابل کے درمیان موٹروے  پشاور جلال آباد اور چمن سے سپین بولدک تک ریلوے رابطے قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے کاسا 1000اور تاپی گیس پائپ لائن منصوبوں سمیت علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے دیگر منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن