انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، مشرف
لاہور(آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے میرادامن صاف ہے، مجھے انتقام کا نشانہ بنانیوالوں کو مایوسی کے سواکچھ نہیں ملے گا، میں نے ہمیشہ ملک اور قوم کے مفادات کو ترجیح دی،پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے سمیت تمام مسائل کا حل اور ملک کو تر قی یافتہ اور خوشخال دیکھنا چاہتا ہوں،ملک کیلئے جان بھی چلی جائے تو کوئی پروا نہیں۔ اعلامیہ کے مطابق وہ آل پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے چیف آرگنائز چوہدری محمد الیاس گجر کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ پرویز مشرف نے کہا میرے دور حکو مت میں ملک میںمہنگائی اور بے روز گاری نہ ہونے کے برابر رہی مگر آج لوگ مہنگائی اور بے روز گاری کے ہاتھوں تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہے ہیں جو حکمرانوں کی ناکامی ہے جبکہ دہشت گردی اور دیگر مسائل میں بھی خطر ناک حد تک اضا فہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا میں ہر فورم پر اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔