• news

قوم متحد ہو چکی، ڈرون حملے بند ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہیگا: شاہ محمود

ملتان (جنرل رپورٹر+نامہ نگار خصوصی )تحریک ا نصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پانچ دسمبر کو پارلیمنٹ کے سامنے خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ اور ارکان اسمبلی اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے کیونکہ ڈرون حملوں کے خلاف اب احتجاج صرف تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پوری قوم اس پر متفق ہو چکی۔  ان خیالات اظہار انہوں نے مدرسہ خیر المدارس میں  پریس کانفرنس  کے دوران کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں ڈرون حملے کے دوران صرف ایک بچہ جاں بحق ہوا تو افغان صدر حامد کرزئی کے دو ٹوک موقف پر امریکہ نے افغانستان سے معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا خون اتنا سستا ہے کہ ہمارے حکمران امریکہ کو معافی مانگنے اور ڈرون حملے بند کرانے پر مجبور نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے حوالے سے امریکی صفوں میں بھی کنفوژن پیدا ہو چکا ہے۔ وکی لیکس کے مطابق میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ ڈرون حملے کیے جائے ہم مذمت کر تے رہیں گے۔ انہوں  نے کہا  جب تک امریکہ ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر سلامتی کونسل میں جانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن 5دسمبر کو وہ اور عمران خان نیٹو سپلائی کے خلاف اسلام آباد میں یورپی اور نیٹو ممالک کے سفیروں سے ملاقات کریں گے اور انکے سامنے پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ دسمبر کو تحریک انصاف کے کارکنوں کو پارلیمنٹ کے سامنے جمع ہونے کی دعوت نہیں دی  اور  22دسمبر کو لاہور میں عوام کے اجتماع میں اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔  دریں اثناء  مخدوم شاہ محمود قریشی اور خیرالمدارس کے مہتمم قاری محمد حنیف جالندھری نے سانحہ راولپنڈی کے ذمہ داران کو سخت سزا دینے اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ملکی یکجہتی کونسل کی قرارداد پر پارلیمنٹ میں قانون سازی کا مطالبہ کیا۔ قاری حنیف  جالندھری نے کہا ہے کہ  مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں،  سانحہ راولپنڈی پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے اظہار یکجہتی کیا ہے سانحہ راولپنڈی کوئی اتفاقی واقعہ نہیں بلکہ ملک کو  فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنے کا سوچا سمجھا منصبوبہ تھا۔ شاہ محمود قریشی  نے  کہا کہ سانحہ پنڈی کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن