وزیراعظم بنا تو مقبوضہ کشمیر میں اتحاد و ترقی کیلئے کام کروں گا: نریندر مودی
سرینگر (اے ایف پی) بھارتی انتہا پسند ہندو جماعت بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد امیدوار نریندر مودی نے جموں میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ وزیراعظم بن گئے تو مقبوضہ جموں وکشمیر میں اتحاد اور ترقی کیلئے کام کرینگے۔ امیدوار نامزد ہونے کے بعد اس علاقے میں یہ ان کا پہلا جلسہ تھا۔ نریندر مودی نے کہا کہ میں یہاں ہندوئوں اور مسلمانوں کے بارے میں بات نہیں کروں گا اگر آپ ترقی چاہتے ہیں تو پھر آپ کو صرف اتحاد و یکجہتی کی سیاست کرنا ہو گی۔ اس کے ذریعے ہی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک مذہب سب سے پہلے قوم اور صرف ایک ہی مذہبی دستاویز ہمارا آئین ہونی چاہئے۔ نریندر مودی کے جلسے کے موقع پر جموں و کشمیر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔