• news

عمران، پنجابی قائدین غیرت مند ہیں تو نیٹو سپلائی پنجاب، سندھ میں روکیں: زاہد خان

اسلام آباد (اے این این + اے پی اے) عوامی نیشنل پارٹی نے کہا ہے  نیٹوسپلائی پورے ملک سے گذررہی ہے، تحریک انصاف صرف خیبر پی کے  میں دھرنا کیوں دے رہی ہے؟ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے عمران خان پختون قوم کو مزید پیچھے دھکیل رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے رہنما سینیٹر زاہد خان  نے کہا  پشاور میں بھتہ خوری عروج پر ہے، خیبر پی کے  میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، اے این پی مارشل لا کی پیداوار نہیں، کوئی اس پارٹی کو ختم نہیں کرسکا۔ اے پی اے  کے مطابق انہوں  نے کہا عمران خان پختون قوم کی تباہی چاہتے ہیں، نیٹو سپلائی پورے پاکستان سے گزرتی ہے بندش صرف یہاں ہی کیوں، عمران خان اور دیگر پنجابی قائدین غیرت مند ہیں تو نیٹو سپلائی پنجاب اور سندھ میں کیوں نہیں روکتے، تحریک انصاف ملک کو 17 ویں صدی میں لے جانا چاہتی ہے، نیٹو سپلائی روک کر تحریک انصاف اور اس کے اتحادی پختونوں کو آپس میں لڑا رہی ہے، صوبہ میں بھتہ خوری، رشوت، بد امنی عام ہے، حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، عوامی نیشنل پارٹی 90سالہ تاریخ رکھتی ہے جو ایک الیکشن سے ختم نہیں ہو سکتی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفند یار ولی کے صاحبزادے ایمل ولی خان، سابق ایم این اے بشریٰ گوہر سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ ناراض کارکنوں کو پارٹی میں دوبارہ شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ ماضی میں بھی پارٹی کے خلاف سازشیں کی جاتی رہیں لیکن سازشی عناصر کو کچھ ہاتھ نہیں آیا۔ انہوں نے کہا  پارٹی میں کوئی دھڑے بندی نہیں کارکن ناراض ہے تو اے این پی ان کو منالے گی۔ انہوںنے کہا  عمران خان، شیخ رشید، لیاقت بلوچ، جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی اور جاوید ہاشمی اگر اتنے ہی غیرت مند ہیں تو وہ نیٹو سپلائی کو پنجاب میں کیوں نہیں روکتے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف اور اس کے غیرت مند قائدین امریکہ سے وظیفہ لیتے ہیں۔ 35 ملین ڈالر امریکہ سے لینے کے باوجود نیٹو سپلائی روک کر ڈرامہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا  ایک طرف تو تحریک انصاف ہم پر الزام لگاتی تھی ہم نے اپنے دور حکومت میں امریکہ و دیگر ملکوں سے غلط معاہدے کیے لیکن دوسری جانب امریکہ سے ہی ہمارے معاہدوں کے تحت 35ملین ڈالر لے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن