مشرف کا نام ای سی ایل میں برقرار رکھنے کیخلاف کیس کی سماعت کیلئے خصوصی بنچ تشکیل، خصوصی عدالت کے قیام کیخلاف ایک اور پٹیشن دائر
کراچی + اسلام آباد (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں برقرار رکھنے کے خلاف کیس کی سماعت کے لیے خصوصی بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر نے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو پر مشتمل دو رکنی بنچ تشکیل دے دیا ہے جو 9دسمبر کو سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں برقرار رکھنے کے خلاف کیس کی سماعت کریگا۔ علاوہ ازیں پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کی کارروائی کے لئے خصوصی عدالت کے قیام کے خلاف ایک اور پٹیشن دائر کردی گئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ خصوصی عدالت کے جج ایسے جج ہیں جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف نہیں اٹھایا، وفاقی حکومت مشرف کے خلاف بنائے گئے خصوصی عدالت کے قیام کا موقف واپس لے۔ سابق صدر کی جانب سے درخواست ریاض حنیف نے دائر کی، درخواست میں وفاق، سیکرٹری داخلہ ، رجسٹرار خصوصی عدالت، ڈاریکٹر جنرل ایف آئی اے، اور پرویز مشرف کو فریق بنایا گیا۔