• news

پاکستان کا اپنی سرزمین پر افغان طالبان کا دفترکھولنے کی اجازت دینے سے انکار

 اسلام آباد(اے این این) پاکستان نے اپنی سرزمین پر طالبان کا دفتر قائم کرنے سے متعلق افغان صدرحامدکرزئی کی تجویز مسترد کردی ، سعودی عرب یا ترکی میں متبادل دفتر قائم کرنے پر غور ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے حالیہ دورہ افغانستان کے دوران افغان صدر حامد کرزئی نے تجویزدی کہ پاکستان میں طالبان کا دفترقائم کیاجائے تاہم نوازشریف نے حامد کرزئی پر واضح کیا کہ وہ پاکستان میں طالبان کو دفتر کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے کیونکہ یہ ہمارے اصولی موقف کی خلاف ورزی ہو گی ، ہمارا کردار صرف ایک مصالحت کار کا ہے اور ہم افغان امن عمل میں مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے تاہم دونوں رہنماﺅں نے سعودی عرب یاترکی میں طالبان کا دفتر کھولنے کی تجویز پر غور کیا ۔ رپورٹ کے مطابق یہ دفتر آئندہ چند ہفتوں میں کھول دیا جائے گا ، طالبان نے اس سال جون میں دوحہ میں اپنا پولیٹیکل دفتر کھولا تھا لیکن حامد کرزئی اس کے مخالف تھے جس کے باعث 24گھنٹے بعد ہی دوحہ آفس بند کردیا گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق دوحہ مذاکراتی عمل تو شاید اب بحال نہیں ہوسکتا لیکن اس طرز کا مذاکراتی عمل سعودی عرب یا ترکی میں شروع کیا جاسکتا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن