• news

کراچی میں فائرنگ، ہومیو ڈاکٹر، مریض سمیت 8 ہلاک، نجی ٹی وی کے دفتر پربم حملہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کراچی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں ہومیو ڈاکٹر سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق قیوم آباد میں گزشتہ روز نامعلوم افراد نے نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر دو دستی بموں سے حملہ کردیا اور شدید فائرنگ کی جس سے نجی کمپنی کے 2 سکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہو گئے بم پھٹنے سے کئی گاڑیوں کو جو دفتر کے باہر پارک تھیں کو نقصان پہنچا۔علاقہ لرز اٹھا، کھڑکیوں، دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی جبکہ حملہ آور پہلے ہی فرار ہو چکے تھے۔ ادھر ملیر کینٹ میں لنک روڈ کے قریب مسلح شخص نے پولیس موبائل وین پر فائرنگ کر دی تاہم اہلکار محفوظ رہے پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا۔ بلدیہ کے علاقے داﺅد گوٹھ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 40 سالہ خاتون درویشاں بی بی کو ہلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں گزشتہ رات مزار قائد کے قریب فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے دو نوجوانوں مدبر رضا اور حیدر رضا کی نمازجنازہ چورنگی پر ادا کی گئی اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات تھے۔ نماز جنازہ سے قبل مشتعل افراد نے احتجاج کیا۔ جس سے نمائش چورنگی اور گورومندر روڈ پر ٹریفک جام رہا جبکہ رینجرز اور پولیس نے ملیر، لیاقت آباد، لیاری، پرانا گولیمار اور دیگر علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 38 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ کٹی پہاڑی کے علاقے سے 50 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر فضل غنی کو جس کا تعلق سیاسی تنظیم سے ہے پکڑ لیا گیا۔ دریں اثنا واٹر پمپ چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے کلینک میں گھس کر ہومیو ڈاکٹر طاہر عثمان اور اسکے مریض کو قتل کر دیا۔ دونوں کو گولیاں ماری گئیں حملہ آور فرار ہو گئے اورنگی کے علاقے ایم پی آر کالونی میں فائرنگ سے 30 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے جنجال گوٹھ میں مسلح افراد نے گولیوں سے چھلنی کر ڈالا اس کے قتل پر علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔ ادھرکراچی ائر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے حساس ادارے نے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا جس کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے ملزم نام بدل کر سفر کرتے ہوئے کراچی واپس آیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن