• news
  • image

پاکستان نے ویسٹ ایشیاءکپ بیس بال ٹورنامنٹ جیت لیا

پاکستان نے ویسٹ ایشیاءکپ بیس بال ٹورنامنٹ جیت لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) 11 واں ویسٹ ایشیا کپ بیس بال ٹورنامنٹ میزبان پاکستان ٹیم نے جیت لیا۔ فائنل میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کی ٹیم کو تین صفر سے مات دی تیسری پوزیشن کے میچ میں افغانستان نے نیپال کو شکست دیکر وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کی۔ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جانے والی تین روزہ چیمپئن شپ کے اختتامی روز فائنل میچ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان ٹیم نے تین سکور کئے جبکہ سری لنکا کی ٹیم کوئی سکور نہ بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے ابوبکر نے دو جبکہ عدنان بٹ نے ایک سکور کیا۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں افغانستان نے نیپال کر شکست سے دوچار کیا۔ عمیر بھٹی کو ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز جبکہ محمد عثمان کو بہترین پچر قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سابق آئی جی پنجاب پولیس شوکت جاوید تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر فیڈریشن کے سیکرٹری سید خاور شاہ، ٹورنامنٹ کے سپانسر ڈائیوو کے چیف ایگزیکٹو افیسر سی آئی پارک تھے۔ شوکت جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں ایک اور انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کرانے کا موقع ملا ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ جنہوں نے ٹورنامنٹ کے سلسلہ میں اپنا پورا تعاون ہمارے ساتھ رکھا۔ پاکستان ٹیم کی جیت کا تمام کریڈٹ ٹیم ورک کو جاتا ہے مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستان میں بیس بال کا کھیل ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور ہماری کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔ شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل ایونٹ میں ملک کا نام روشن کیا ہے لہذا حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کو چاہیے کہ وہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرئے۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد پنجاب سٹیڈیم پہنچی تھی جبکہ اس موقع پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن