محکمہ تعلیم اور وزیر سماجی بہبود سے اپیل
مکرمی! محکمہ تعلیم حکومت پنجاب سے اپیل ہے قصبہ بنڈہ اسحق (تحصیل جتوئی) جو کہ مظفر گڑھ شہر سے 50کلو میٹر دور دریائے چناب کے مغربی کنارے پر علی پور روڈ سے 5کلو میٹر دوربطرف مشرق واقع ہے میں لڑکیوںکا مڈل اور ہائی سکول قائم کیا جائے۔ قصبہ بنڈہ اسحق آس پاس کے تقریباً 50 چھوٹے بڑے دیہات کا سماجی اور کاروباری مرکز ہے مگر مقام افسوس ہے کہ یہاں لڑکیوں کاکوئی سکول نہیں ہے۔ لڑکیوں کے مڈل سکول اور ہائی سکول ہمارے قصبہ سے تقریباً 15کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف‘ وزیر تعلیم اور مقامی ایم پی اے ہارون سلطان بخاری جو کہ وزیر سماجی بہبود دار بیت المال بھی ہیںسے اپیل کرتے ہیں کہ یہاں فی الفور لڑکیوں کا مڈل اور ہائی سکول قائم کیا جائے تاکہ ہزاروں طالبات اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور ملکی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔(طوبیٰ بشیر و دیگر طالبات آف بنڈہ اسحق تحصیل جتوئی ضلع مظفرگڑھ)