موجودہ حکومت ڈرون مار گرانے کا اپنا وعدہ پورا کرے: رحمن ملک
موجودہ حکومت ڈرون مار گرانے کا اپنا وعدہ پورا کرے: رحمن ملک
کراچی (این این آئی) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما رحمن ملک نے کہا ہے کہ صرف خیبر پی کے میں نیٹو سپلائی روکنے سے دنیا کو پیغام دیاگیا ہے ہماری قوم میں اتحاد نہیں ہے، ڈرون حملے بند کرانے کے لیے پوری قوم کو امریکہ کے سامنے سینہ سپر ہونا پڑے گا اگر مذاکرات سے امن قائم ہوتا ہے تو طالبان سے مذاکرات ضرور ہونے چاہئیں مگر طالبان مذاکرات نہیںکرتے۔ موجودہ حکومت پیپلز پارٹی کی حکومت کے کئے گئے فیصلوں پر ہی عمل پیرا ہے۔ ہمارے دور میں سیاسی حالات بہتر نہیں تھے اس لئے کراچی میں آپریشن نہیں کر سکے اب سیاسی حالات بہتر نظر آرہے ہیں۔ وہ پیرکی صبح کراچی ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ رحمن ملک نے کہا کہ طالبان کبھی بھی مخلص نہیں رہے تاہم مذاکرات کا فیصلہ پوری قوم کا ہے،اس لئے مذاکرات ہونے چاہئیں لیکن طالبان مذاکرات کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔ الزام تراشیوں کے بجائے اپوزیشن اور حکومت کو ساتھ مل کر چلنا چاہئے اور ملکی مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ڈرون گرائے گی،اس نے یہ وعدہ پورا نہیں کیا اگرحکومت ڈرون گراتی توہم بھی تالیاں بجاتے اور پوری قوم بھی تالیاں بجاتی،آج بھی وقت ہے کہ حکومت آگے بڑھے اور ڈرون گرائے پوری قوم حکومت کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کو بھی سنبھالنے میں ناکام رہی ہے ۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں ڈالر کو ایک سو روپے سے اوپر نہیں جانے دیا تھا ۔
رحمن ملک