دہشت گردی سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا توقع ہے لعنت سے جلد نجات ملے گی : چیف جسٹس
دہشت گردی سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا توقع ہے لعنت سے جلد نجات ملے گی : چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس افتخار چودھری نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی حاکمیت برقرار رہنی چاہئے۔ دہشت گردی کا کوئی اصول نہیں اس کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا تاہم توقع ہے اس لعنت سے جلد نجات مل جائے گی ملک میں امن و امان اور معاشی استحکام ہو گا۔ ثالثی کی بدولت نہ صرف لوگوں کے بے شمار مسائل حل ہوئے بلکہ اس سے عدلیہ پر مقدمات کا بوجھ بھی کم ہوا ہے۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ثالثی کے حوالے سے مزید موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ورکنگ پارٹی کے کوچیئر ولیم کراسبی کی سربراہی میں ملنے والے کینیڈین وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وفد میں کینیڈا کے ہائی کمشنر گریگ گیکاس بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے نامزد چیف جسٹس تصدق جیلانی بھی موجود تھے جنہیں ہیگ کانفرنس میں ورکنگ پارٹی آن میڈی ایشن اِن فیملی انٹرنیشنل لاءکا کو چیئر مقرر کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس نے معزز مہمانوں کو بتایا کہ سپریم کورٹ انسانی حقوق سے متعلق مقدمات تیزی سے نمٹا رہی ہے متاثرہ افراد کو ریلیف مل رہا ہے۔ کوئی بھی متاثرہ شخص سادے کاغذ پر درخواست لکھ کر دے سکتا ہے جس پر متعلقہ حکام یا ذمہ داروں سے جواب طلبی کرکے لوگوں کو ان کے حقوق دئیے جا رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے وفد کو بتایا کہ آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن (اے ڈی آر) کے تحت نہ صرف لوگوں کے مسائل تیزی سے حل رہے ہیں بلکہ عدلیہ پر مقدمات کا بوجھ بھی کم ہوا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے نامزد چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وہ (جسٹس تصدق جیلانی) ثالثی کے حوالے سے موثر اقدامات کریں گے۔ سپریم کورٹ نے بطور ادارہ انصاف کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں دیگر ملکی اداروں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ نظام میں اصلاحات کے لئے وفود کے تبادلے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ جسٹس تصدق جیلانی نے بھی وفد کو بریفنگ دی۔ وفد نے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے چیف جسٹس افتخار چودھری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کا کردار انتہائی متاثر کن ہے۔ چیف جسٹس نے وفد کو شیلڈ پیش کی۔ چیف جسٹس افتخار چودھری نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ دوست محمد خان سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔ چیف جسٹس دوست محمد خان سے ان کے بیٹے کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ پڑھی۔
چیف جسٹس