سٹاک مارکیٹوں میں ریکارڈ تیزی ‘ سرمایہ کاری میں 17 ارب سے زائد اضافہ ‘100 انڈیکس 24400 کی نفسیاتی حد عبور کر گیا
کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کے روز کے ایس ای 100انڈیکس 99.38 پوائنٹس اضافے پر دوبارہ 24401.57 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں17ارب 17کروڑ روپے سے زائد اضافے کے باعث کاروبار میں تیزی رہی۔ تفصیلات کے مطابق سیمنٹ کی اندرون وبیرون ملک برآمدات‘ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ‘ آئندہ دنوں کارپوریٹ منافع میں اضافے سمیت غیرملکی سرمایہ کاری کی متوقع آمد کے باعث سرمایہ کاروں کی سیمنٹ‘ آئل اینڈ گیس‘ فرٹیلائزر سیکٹرز سمیت بیشتر حصص کی خریداری میں نمایاں دلچسپی اور آئندہ دنوں غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد پر منتظر رہے جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس 99.35پوائنٹس اضافے پر 24401.57 پر پہنچ گیا سرمایہ کاری میں 17 ارب 17کروڑ روپے سے زائد اضافے پر مجموعی سرمایہ کاری مالیت بڑھ کر 58کھرب91ارب 71کروڑ 44 لاکھ 57 ہزار 285روپے تجاوز کر گئی۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز تیزی کا رجحان رہا۔ مجموعی طور پر96کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 34کمپنیوں کے حصص میں اضافہ۔ 9 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 53کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25انڈیکس 0.88 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 4680.38پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل 18لاکھ 50ہزار 800حصص کا کاروبار ہو ا۔ جبکہ گزشتہ روز11لاکھ 700حصص کا لین دین ہوا تھا۔ مارکیٹ میں جن کمپنیوں کے سودے سرفہرست رہے ا ن میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈکے4 لاکھ 3ہزار حصص۔ لفارج پاکستان سیمنٹ لمیٹڈ کے3لاکھ 26ہزار حِصص۔ جبکہ بنک آف پنجاب لمیٹڈکے2 لاکھ 72 ہزار500 حِصص فروخت ہوئے۔ سب سے زیاد ہ اضافہ ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جس کی قیمت7.97 روپے بڑھ گئی۔ سب سے زیادہ کمی آدم جی انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے حصص میں ہوئی جس کی قیمت1.74روپے کم ہو گئی۔