مالی بحران : بلوچستان یونیورسٹی کے اساتذہ نے کشکول خیراتی مہم شروع کر دی
کوئٹہ (نوائے وقت نیوز) بلوچستان یونیورسٹی کے مالی بحران کے حل کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کشکول خیراتی مہم کا آغاز کردیا۔ خیراتی مہم کے سلسلے میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور دیگر ملازمین ہاتھوں میں کشکول لے کر یونیورسٹی سے پیدل شہر کے مرکز میں ہاکی چوک پہنچے، جہاں انہوں نے عوام سے خیرات اکٹھی کرنا شروع کی۔ اس موقع پر رہنما جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کلیم اللہ بڑیچ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کو شدید مالی بحران کاسامنا ہے، حکومت کچھ نہیں کررہی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشکول مہم یونیورسٹی کے مالی بحران اور ملازمین کو تنخواہوں اور الاؤنسز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کی ماہ نومبر کی تنخواہوں کے لئے بھی رقم میسر نہیں جبکہ اکتوبر کی نامکمل تنخواہیں بھی 20نومبر کے بعداداکی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیراتی مہم چھ دسمبر تک جاری رہے گی، اگر حکومت نے پھر بھی مسئلہ حل نہیں کیا تو یونیورسٹی ملازمین اجتماعی استعفیٰ پیش کردیں گے۔