اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کو 5 جہاز لیز پر لینے کی اجازت دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کو پانچ اے۔ 320 طیارے لیز پر حاصل کرنے کی اجازت دیتے ہوئے 9 بوئنگ 777 طیاروں کی مرمت و سروس کی فنانسنگ کے لئے حکومتی گارنٹی دینے کی منظوری بھی دیدی۔ ای سی سی نے صوبائی حکومتوں کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو مناسب سطح پر برقرار رکھنے کے لئے پرائس مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری پر قابو پانے کے لئے فوری اور موثر اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت جس میں ای سی سی نے پانچ اے 320 طیارے لیز پر حاصل کرنے کی منظوری دی جبکہ دیگر پانچ طیاروں کو مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث رد کردیا گیا۔ ای سی سی نے لیز پر حاصل کئے گئے طیاروں کی مدت بڑھانے کی ہدایت بھی کی تاکہ کم از کم دس طیاروں کا پول برقرار رکھا جا سکے اور مسافروں کو سہولت میسر رہے۔ ای سی سی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کو اضافی پانچ طیاروں کے ٹینڈر کے لئے نیلامی کا آغاز کرنے کا اختیار بھی دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس لیز کی تکمیل سے پی آئی اے کی عالمی سطح پر ساکھ اور تشخص میں بہتری آئے گی۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ پی آئی اے کا خسارہ 3.3 ارب روپے سے کم ہو کر گزشتہ ماہ 1.5 ارب روپے ہوگیا۔ پی آئی اے انتظامیہ نے بتایا کہ قومی ایئر لائن کی کارکردگی‘ خدمات اور مالی حالت میں بہتری موجودہ حکومت کی مستقل مالی معاونت اور نگرانی کے باعث ممکن ہوئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق میڈیا رپورٹس پر تشویش ظاہر کی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ قیمتوں کی مانیٹرنگ کو مزید موثر بناتے ہوئے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری پر بھی قابو پایا جائے۔ 5 نئے جہاز پی آئی اے کو جون 2014ء تک مل جائیں گے۔