پاکستان میں لاپتہ افراد کی تعداد 600 سے زائد ہے: سرکاری اعداد و شمار
اسلام آباد (ثناء نیوز) میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں لاتعداد مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ لاپتہ افراد کا بھی ہے، لوگوں کو لاپتہ کرنے کا یہ سلسلہ کب اور کیوں شروع ہوا‘ یہ لوگ کہاں ہیں۔ یہ سوال ابھی تک حل طلب ہے تاہم پاکستان میں لوگوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ 2001ء میں شروع ہوا جب خفیہ طریقے سے سینکڑوں افراد کو امریکی ایجنسی سی آئی اے کے حوالے کیا گیا۔ لاپتہ ہونے والے افراد چاروں صوبوں سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے چھ سوسے زائد افراد گمشدہ ہیں، جبکہ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے، جن کے زندہ یا مردہ ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ لاپتہ ہونے والے افراد کا تعلق خیبر پی کے میں سوات، دیر، پشاور، مردان، پنجاب میں بہاولپور، بھکر اور میانوالی، سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر، بلوچستان کے کئی اضلاع، اسلام آباد، فاٹا، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سے ہے۔