• news

ذخیرہ اندوزوں ‘ منافع خوروں کو نکیل ڈالوں گا‘ ملک صحیح ڈگر پر لائیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے متعدد ٹھوس اقدامات کئے ہیں تاہم خصوصی بچوں کیلئے ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور معاشرے میں ان کی بحالی کیلئے حکومت کے ساتھ مخیر حضرات اور این جی اوز کو بھی مزید متحرک کردار ادا کرنا چاہیئے تاکہ خصوصی بچوں کا احساس کمتری دور کیا جاسکے اور انہیں معاشرے میں  باوقار اور با عزت مقام مل سکے۔ حکومت خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے میں عام شہریوں جیسا مقام دلانے کیلئے مزید بڑھ چڑھ کر اقدامات اٹھائے گی۔وزیراعلیٰ نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے ملازمین کیلئے 50فیصد ایڈہاک الائونس دینے کے اعلان پر فی الفور عملدرآمد اور پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے خصوصی افراد کی سالانہ گرانٹ 4 کروڑ روپے سے بڑھا کر 10 کروڑ روپے کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وہ گزشتہ روز الحمرا ہال میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے خصوصی افراد کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ 6 برس سے خصوصی افراد کیلئے منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کر رہا ہوں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ خصوصی افراد کو معذور نہیں کہنا چاہیئے بلکہ وہ نارمل انسانوں سے بھی زیادہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ خداداد صلاحیتوں کے حامل خصوصی افراد معاشرے کے معمار ہیں اور مفید شہری کی حیثیت سے ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ عام سکولوں میں خصوصی بچوں کے داخلے کو یقینی بنائیں گے اور اس تفریق کو ختم کرنے کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد ان عقل کے اندھوں سے بہتر ہیں جو ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں اور معاشرے میں زہر گھولتے ہیں، ہم ان کا کڑا احتساب کر رہے ہیں۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں اور مہینوں میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو نکیل ڈالوں گا۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے میں خود ہفتے میں تین بار اجلاس کی صدارت کرتا ہوں جبکہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور کابینہ کمیٹی کے ارکان مختلف اضلاع کے دورے کرکے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ لوٹ مار کرکے عوام کی جیبوں سے پیسہ نکال کر اپنی تجوریاں بھرنے والوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گا اور غریب آدمی کو ہر صورت ریلیف فراہم کریں گے۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری ختم ہونے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ ہم اپنا پیٹ کاٹ کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل فراہم کرینگے۔ سابق حکمرانوں نے اپنے پانچ سالہ دور میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا تاہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے جسٹس (ر) عامر رضا خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میںبہت سی درد دل رکھنے والی شخصیات موجود ہیں جنہوں نے انسانیت کیلئے سب کچھ وقف کر رکھا ہے، یہ افراد دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ توانائی بحران کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا چیلنج ہے اور سابق حکمرانوں کی نااہلی کے باعث یہ مسئلہ گھمبیر ہو چکا ہے اور نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سابق حکمرانوں کی غفلت، کرپشن اور لالچ کا واضح ثبوت ہے ۔ سابق دور میں نندی پور پاور پراجیکٹ کا پلانٹ اڑھائی برس تک کراچی پورٹ پر پڑا رہا۔ ہماری حکومت کے 5 ماہ کے دوران نہ صرف مشینری کراچی سے نندی پور پہنچائی گئی بلکہ چینی انجینئرز واپس آ کر دن رات کام میں مصروف ہیں۔ قبر میں پڑے مردہ منصوبے کو عزم، قومی سوچ اور نئے جذبے سے زندہ کیا ہے اور انشاء اللہ مئی 2014ء میں نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن چالو ہو جائے گی جس سے سو سے ڈیڑھ سو میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دو تین برس میں پاکستان کو صحیح ڈگر پر لائیں گے۔ ہم جان لڑا دیں گے، دن رات ایک کردیں گے لیکن ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرکے دکھائیں گے۔ ہم اس وقت منصوبہ بندی میں مصروف ہیں اور وہ وقت بہت جلد آئے گا جب ہمارے منصوبے چلیں گے اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ خصوصی بچوں سمیت ہونہار طلبا و طالبات کیلئے لیپ ٹاپ سکیم آئندہ پانچ برس بھی جاری و ساری رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے بعض خصوصی بچوں کو لیپ ٹاپ نہ دیئے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی انکوائری کرائیں گے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے ممبر ممالک کی جانب سے پنجاب میں تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے نئے مواقع کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے یورپی ممالک اور پاکستان کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی نئی راہیں کھلیں گی۔ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد نہ صرف ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے امکانات بڑھیں گے۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ’’یورپی یونین پاکستان… تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے نئے مواقع‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ محمد شہبازشریف نے کہاکہ پنجاب حکومت نے 13سو ایکڑ وسیع قطعہ اراضی پر گارمنٹس زون قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور گارمنٹس زون کی اراضی کے حصول کے لئے فنڈز فراہم کر دئیے گئے ہیں، یہ منصوبہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چین کے ساتھ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ لگانے کے لئے سنجیدہ پیشرفت ہوئی ہے۔ جرمنی اور دیگر یورپی ممالک ہائیڈل ، سولر اور بائیو ماس سے توانائی کے حصول کے منصوبے میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات انتہائی خوش آئندہے کہ پاکستان میں ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کو پرامن طریقے سے اقتدار منتقل ہوا اور اب مسلم لیگ (ن) کی حکومت جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو توانائی بحران کے ساتھ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا چیلنج درپیش ہے اور میں ذاتی طو رپر سمجھتا ہوں کہ انتہا پسندی کے ناسور کو ختم کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ انتہا پسندی کو صرف بندوق کی گولی سے شکست نہیں دی جا سکتی بلکہ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی و معاشی شعبوں میں بہتری کے لئے اقدامات کرکے ہی انتہا پسندی پر قابو پایا جاسکتاہے۔ جی ایس پی کا درجہ ملنے سے پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہونے کے ساتھ روز گار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوںگے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر لارس گنر ویگیمارک نے کہاکہ یورپی ممالک پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے سنجیدہ ہیں۔ یورپی یونین کے سفیر نے وزیراعلیٰ کو شیلڈ بھی پیش کی۔ دریں اثناء شہباز شریف سے گزشتہ روز جمہوریہ ہنگری کے سفیر اسٹیوین سزبائو نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے مابین موجود تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہنگری توانائی، سٹیل، آٹو موبائل انڈسٹری، سیاحت اور دیگر شعبوں میں پنجاب کے ساتھ تعاون بڑھا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت عوام کو پینے کے صاف پانی کے منصوبے میں تعاون کا جائزہ لے۔ ہنگری کے سفیر نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے، ہم دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، ارکان قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ، محمد معین وٹو، میاں محمد فاروق اور سید محمد اصغر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا بازاروں اور مارکیٹوں میں خودجا کر جائزہ لیں۔

ای پیپر-دی نیشن