• news

دہشت گرد نامعلوم نہیں رہیں گے، نئے قوانین کے بعد سامنے لایا جائیگا: پرویز رشید

اسلام آباد (ثناء نیوز+ اے این این) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے دہشت گردی  کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم، صحافت، سیاست اور حکومت سب متحد ہیں،  ملک  کو جلد دہشت گردی سے پاک پرامن ملک بنایا جائے گا نواز شریف مسائل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے والے قائد ہیں ہم وہ قوانین  لا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں  دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جا سکے گا۔ حکومت صحافیوں کی جان و مال  کے تحفظ  کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔ وفاقی حکومت آئین کی  پاسداری  کرے گی اور صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کرے گی۔ دہشت گردی کے ذمہ دار افراد ساری زندگی نامعلوم نہیں رہیں گے۔ ان کو نئے قوانین کے بعد سامنے لایا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے دفتر کے دورہ اور سینٹ کی پریس گیلری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا  پاکستانی صحافت اس سیاست کی  حمایت کرتی ہے جو دہشت گردی کے خلاف کی جاتی ہے اور پاکستانی حکومت دہشت گردی کے خاتمہ اور ملک  کو پرامن بنانے کے لئے عملی اقدامات  کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گواہوں  کی حفاظت کے لئے حکومت نے تین آرڈیننس جاری کئے ہیں، ان قوانین کی حمایت تمام سیاسی جماعتوں نے کی ہے۔ گزشتہ روز یہ تینوں آرڈیننس سینٹ میں پیش کئے  ہیں، یہ قوانین پاکستان کی  حکومت اور عدلیہ   کو  مضبوط  کریں گے۔ اے این این کے مطابق انہوں نے کہا یہ تاثر درست نہیں مسلم لیگ (ن) چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کی منتظر ہے، افراد  چلے بھی جائیں  ادار ے کام کرتے رہتے ہیں،   ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی بدعنوانی سے متعلق  رپورٹ سے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، رپورٹ تھانے اور پٹواریوں سے متعلق نہیں، ایوان اقتدار کے بارے میں ہے۔ انہوں نے کہا حکومت لاپتہ افراد کی تلاش اور بازیابی کیلئے کوشاں ہے، امید ہے جلد مثبت  پیشرفت ہوگی اور یہ مسئلہ حل کرلیا جائے گا۔ وزیراعظم ذاتی طورپر اس معاملے کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن