الطاف کے الزامات مسترد‘ جرائم پیشہ عناصر کا کھرا متحدہ تک جا رہا ہے ہم کیا کر سکتے ہیں: جماعت اسلامی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے الطاف حسین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا دہشت گردوں یا کالعدم تنظیموں سے کوئی تعلق نہیں، الطاف حسین اپنے ہر خطاب میں کوئی ایسی بات کردیتے ہیں جس کا حقائق سے تعلق نہیں ہوتا، کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کا ’’کھرا‘‘ ایم کیو ایم تک جارہا ہو تو ہم کیا کرسکتے ہیں، متحدہ نے کراچی آپریشن اور دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کے فیصلوں پر دستخط کیے تھے، اب موقف سے ہٹ رہی ہے۔ الطاف حسین کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن اور اسلام آباد میں وزیراعظم کی آل پارٹیز کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں سے ایم کیو ایم نے اتفاق کیا تھا اور فیصلوں پر دستخط کیے تھے لیکن اب ایم کیو ایم اس موقف سے الگ ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث لوگوں کا کھرا اگر ایم کیو ایم تک جاتا ہو تو اس میں ہم کیا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام اپنے شہر میں امن چاہتے ہیں اور وہ بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم سے نجات چاہتے ہیں، کراچی کی عوام الطاف حسین کے الزامات سے لاتعلقی کا اظہار کرینگے۔ جماعت اسلامی اور جمعیت کے حوالے سے پوری قوم سب کچھ جانتی ہے،ہم ملک کے آئین اور قانون پر عمل کرتے ہوئے اللہ کے دین کی بنیاد پر کام کررہے ہیں جو تمام تر رکاوٹوں کے باوجود جاری رہے گا۔ ڈرون حملوں میں کون مارا گیا ہمیں اس کا پتہ نہیں ہے، الطاف حسین کو پہلے سے خبریں مل جاتی ہیں ، اس کا مطلب ہے کہ شمالی وزیرستان میں ان کے لوگ موجود ہیں اور الطاف حسین کا خود کالعدم تنظیموں سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں کئی بڑی خرابیاں ہیں جہاں روزانہ کوئی تماشا لگا ہوتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب گزشتہ روز کے واقعہ کا نوٹس لیں اور عدالتی کمیشن بنا کر تحقیقات کی جائے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کراچی میں آپریشن کا غصہ اسلامی جمعیت پر اتار رہے ہیں لاہور سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں ترجمان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ جمعیت پر بیان بازی کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم کراچی میں جمعیت کے سینکڑوں کارکنوں کی قاتل ہے، ان قاتلوں کو عدالتوں کی طرف سے سزائیں بھی ہو چکی ہیں۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے ترجمان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے جماعت اسلامی پر الزامات کو لغو قراردیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور وہاں بیٹھ کر جماعت اسلامی پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کا مقابلہ سیاسی جدوجہد کے میدان میں کرتے ہیں اور ہم میڈیا سے ملنے والی لائیو کوریج کی سہولت سے میڈیا ٹرائل کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ جماعت اسلامی پر پابندی کے خواب کئی لوگوں نے دیکھے جو ہمیشہ عدالتوں کے سامنے چکناچور ہو گئے۔ ایوب خان نے بھی جماعت اسلامی پر پابندی لگائی تھی اللہ نے عدالت عظمیٰ کے ذریعے اسے سرخرو کیا اب الطاف حسین کی خواہش پوری نہیںہو گی۔ کراچی کے اندر جماعت اسلامی بڑی طاقت ہے۔ ہم بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ بھی لیں گے۔