لاپتہ افراد کا معاملہ انتہائی نازک ہے، عدالتی ناراضگی قبول نہیں: خواجہ آصف
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے لاپتا افراد کیس میں 5 دسمبر تک مہلت دینے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کا معاملہ انتہائی نازک ہے، ہمیں عدالتی ناراضگی کسی صورت قبول نہیں، ہماری کوشش ہے کہ جو مہلت دی گئی ہے اس میں کوئی مثبت پیشرفت ہو، لاپتہ افراد کا معاملہ وزیر اعظم خود بھی دیکھ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اگر کوئی قصور وار ہے تو اسکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے، کچھ لوگ رہا ہوچکے ہیں تاہم باقی افراد کی بازیابی کیلئے کچھ وقت چاہیے، خیبر پی کے میں 43 حراستی مراکز ہیں۔ وہ لاپتہ افراد کیس میں پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عدالتی توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کریگی۔ اگر لاپتہ افراد سے متعلق پتہ چل گیا ہوتا تو اب تک سپریم کورٹ میں پیش کر چکے ہوتے۔ وفاقی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر قانون سازی بھی ہوگی۔