• news

2 بیٹیوں کے باپ سمیت تین افراد نے خودکشی کر لی

لاہور+ سادھوکے (نامہ نگار) شہر میں مختلف وجوہات پر دو افراد نے خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے ہنجروال کے علاقہ میں دو بیٹیوں کے باپ 32 سالہ محمد کلیم نے غربت اور گھریلو حالات سے تنگ آکر گلے میں رسی سے پھندہ لیکر خودکشی کرلی۔ متوفی کرایہ کے کوارٹر میں رہائش پذیر تھا۔ وہ غربت کی وجہ سے کوارٹر کا چار ماہ کا کرایہ اور بجلی کا بل بھی ادا نہیں کرسکا تھا۔ غازی آباد کے علاقہ نظام آباد میں کراچی سے خالو کے گھر آئے ہوئے روہن مسیح نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ روہن کے خالو نے بتایا کہ روہن چند روز قبل کراچی سے حالات کی خرابی کی وجہ سے کام کیلئے لاہور آیا اور ہمارے پاس رہنے لگا جہاں اسکو گھر کے قریب کام دلوایا مگر گذشتہ روز رات کو روہن اپنے کمرے میں چلا گیا جہاں صبح اسکو اٹھانے کی کوشش کی مگر نہ اٹھنے پر محلہ داروں کو بلایا جس میں موجود ایک ڈاکٹر نے روہن کے مرنے کی تصدیق کردی۔ غازی آباد پولیس نے روہن کی موت کو خودکشی ماننے سے انکار کردیا۔ انکا کہنا ہے کہ روہن کی عمر 17 سال ہے جبکہ اسکا خالو کچھ بھی بتانے کیلئے تیار نہیں، اس سے ہمیں شک ہے کہ روہن نے یا تو لڑکی کے چکر میں خودکشی کی یا اسکو زہر دیکر مارا گیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے جس کے بعد کوئی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ سادھوکے میں غربت کے ہاتھوں مجبور دو بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ بتایا گیا ہے 27 سالہ دو بچوں کی ماں عابدہ غربت کی وجہ سے پریشان رہتی تھی۔ گذشتہ روز اسی وجہ سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے زہریلی گولیاں نگل لیں جس سے وہ دم توڑ گئی۔

ای پیپر-دی نیشن