• news

پاکستان بھارت کے لوگوں کو قریب لانے کیلئے ویزا پالیسی نرم ہونی چاہئے: بھارتی ہائی کمشنر

کراچی (این این آئی + اے پی پی) پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے رگھوان نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے ملاقات کی اور دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر نے بتایا کہ کراچی میں بھارتی قونصل خانہ کھولنے میں ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کی حکومتوں کو سفارش کی ہے کہ دونوں ملکوں میں قید ایک دوسرے کے ماہی گیروں کو رہا کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرکریک کا معاملہ فوری طور پر حل ہونا چاہئے تاکہ غریب ماہی گیروں کی رہائی کا عمل شروع ہو سکے۔  لوگوں کو قریب لانے کے لئے ویزا پالیسی میں نرمی ہونی چاہئے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ طاس معاہدہ موجود ہے اور مؤثر ہے۔ بھارت اس معاہدے کے خلاف کسی منصوبے پر عمل درآمد نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھارتی فلموں کو پسند کرتے ہیں۔ بھارتی فلمیں پاکستان میں چلنی چاہئیں اور پاکستانی فلمیں بھارت میں چلنی چاہئیں۔ قبل ازیں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت خطے میں غربت کے خاتمے میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، وہ پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے گورنر ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خطے میں معاشی اہداف کے لئے اقتصادی تعاون کا فروغ ناگزیر ہے، ماضی کی روش جاری رہی تو مستقبل میں بھی دونوں ممالک پر اس کے مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مخصوص ذہنیت کے لوگ نہیں چاہتے کہ دونوں ممالک قریب آئیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن