برطانوی عدالت میں امریکی ڈرون حملوں کی حمایت کا اقدام چیلنج کر دیا گیا
لندن (آئی این پی) پاکستان اور امریکہ کے بعد برطانیہ میں بھی امریکی ڈرون حملوں کے خلاف شدید احتجاج اور قانونی جنگ کا آغاز ہو گیا۔ پاکستانی نژاد برطانوی نے اپنی حکومت کی جانب سے امریکی ڈرون جنگ کی حمایت کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ برطانوی حکومت اپنا موقف واضح کرے کہ وہ ڈرون حملوں کی مخالف ہے یا ان حملوں میں لوگوں کی ہلاکت میں امریکہ کی معاونت اور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ نور خان نے لندن کی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے جس میں امریکی ڈرون حملوں میں برطانوی حکومت کے ملوث ہونے بارے قانونی جواز کی وضاحت مانگی گئی ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے نور خان کی درخواست کی شدید مخالفت کی ہے۔