• news

زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم نے فیصل بنک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ جیت لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا فیصل بنک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کو 78رنز سے شکست دیکر جیت لیا۔ پی سی بی نے محکموں کے درمیان پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد کرایا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں زرعی ترقیاتی بنک ٹیم کے کپتان عمران نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں زرعی بنک کی ٹیم  نے حارث سہیل کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت 3 وکٹوں پر 184 رنز کا بڑا سکور بورڈ پر سجا دیا۔ عمران نذیر اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 9.1 اوورز میں 85 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اس موقع پر شرجیل خان 45 کے انفرادی سکور پر عمران علی کا شکار ہو گئے۔ اسی اوور میں عمران نذیر بھی عمران علی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ یاسر حمید نے بھی آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 25 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ حارث سہیل نے 32 گیندوں پر 5 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 58 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھ شاہد یوسف 8 سکور پر ناٹ آوٹ رہے۔ سوئی گیس کی جانب سے باولنگ میں عمران علی نے دو جبکہ بلاول بھٹی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم زرعی ترقیاتی بنک عثمان خان شنواری کی تباہ کن باولنگ کے سامنے 16.1 اوررز میں 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بلاول بھٹی 38 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے دیگر کھلاڑیوں میں عمر اکمل نے 19 اور خرم شہزاد نے 10 رنز بنائے۔ مصباح الحق سمیت تین کھلاڑی توفیق عمر اور محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ زرعی ترقیاتی بنک کے عثمان خان شنواری نے 9 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عمران خان کے حصے میں تین، سعید اجمل اور زوہیب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ عثمان خان شنواری کو فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن