قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا‘ تحریک انصاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیگی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) قومی اسمبلی کا ساتواں سیشن آج شام 4 بجے شروع ہوگا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر سردار ایاز صادق کریں گے۔ خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں صوبائی وزرائ‘ ارکان صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما امریکی ڈرون حملے کے خلاف پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے‘ دھرنے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے ارکان قومی اسمبلی شرکت کریں گے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال، ڈرون حملون‘ چیئرمین نادرا کی برطرفی‘ امن و امان اور مہنگائی سمیت دیگر امور زیر بحث لائے جائیں گے ۔ تحریک انصاف پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے ارکان نے ڈرون حملوں کے خلاف الگ الگ تحاریک التواء جمع کروا رکھی ہیں۔ اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن) اور اس کی حلیف جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کے علیحدہ علیحدہ اجلاس ہونگے۔ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے ’’محدوداحتجاج‘‘کی اجازت دے دی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز وزارت داخلہ کے حکام نے ڈرون حملوں کے خلاف پارلیمنٹ ہائوس کے دھرنے پر حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ دریں اثناء تحریک انصاف نے ڈرون حملوں کے خلاف خیبر پی کے حکومت کے 5دسمبر کے احتجاجی پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔