قمر زمان چودھری کا سروس ریکارڈ تنازعات سے پر ہے‘ تقرری کالعدم قرار دی جائے : عمران کی ترمیم شدہ درخواست
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے چیئرمین نیب کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ میں ترمیم شدہ درخواست دائر کر دی ہے‘ ترمیم شدہ درخوست حامد خان ایڈووکیٹ نے داخل کرائی‘ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قمر زمان چودھری کا سروس ریکارڈ تنازعات سے بھرپور ہے اس لئے ان کی اس عہدہ پر تقرری کالعدم قرار دی جائے۔ ایسے شخص کے نام پر چیئرمین نیب کیلئے غور بھی نہیں کیا جا سکتا جو مشاورت کے موقع پر عہدے کیلئے اہل ہی نہ ہو این آئی سی ایل کیس میں قمر الزمان چودھری کا کردار متنازعہ ہے۔ عدالت اپنے اس فیصلے میں ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا کہہ چکی ہے‘ ان کے خلاف نیب آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے۔ عمران خان نے درخواست میں یہ بھی استدعا کی ہے کہ چیئرمین نیب کے عہدے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو کالعدم کر کے عہدہ خالی قرار دیا جائے۔