• news

افغانستان‘ سری لنکا کیخلاف سیریز: قومی کرکٹ ٹیم کپتان کے بغیر متحدہ عرب امارات چلی گئی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان کے بغیر افغانستان اور سری لنکا کے خلاف منعقد ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کے لئے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب متحدہ عرب امارات روانہ ہو گئی۔ کپتان محمد حفیظ، شاہد آفریدی اور سپن باۃلر سعید اجمل نجی مصروفیات کی بناء پر ٹیم کے ساتھ روانہ نہ ہو سکے۔ محمد حفیظ کل جمعہ کی صبح لاہور جبکہ شاہد آفریدی کراچی سے امارات کے لئے روانہ ہونگے۔ سعید اجمل 9 دسمبر کو ٹیم کو دبئی میں جوائن کرینگے۔ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے واحد ٹی ٹونٹی میچ 8 دسمبر کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا جبکہ سری لنکا کے خلاف دونوں ٹی ٹونٹی میچز 11 اور 13 دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ گذشتہ رات لاہور سے روانہ ہونے والے کرکٹرز میں احمد شہزاد، بلاول بھٹی، حارث سہیل، جنید خان، شرجیل خان، صہیب مقصود، عمر اکمل، سہیل تنویر، انورعلی، عمر امین اور ذوالفقار بابر شامل  تھے۔ ٹیم کے ساتھ جانے والی ٹیم مینجمنٹ میں معین خان منیجر، ڈیو واٹمور ہیڈ کوچ، جولین فیلڈنگ، محمد اکرم باؤلنگ، شاہد اسلم اسسٹنٹ منیجر، فزیو تھراپسٹ ڈیل نائلر، محمد طلحہ انالسٹ شامل ہیں۔  

ای پیپر-دی نیشن