وزیراعظم سے اکرم شیخ کی ملاقات، مشرف غداری کیس پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (این این آئی + آن لائن) وزیراعظم نواز شریف سے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں مقرر کئے گئے پراسیکیوٹر اکرم شیخ ایڈووکیٹ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ممتاز علی بھٹو نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اکرم شیخ نے وزیر اعظم نواز شریف سے پرویز مشرف کے خلاف مزید ثبوت فراہم کرنے کے معاملے پر بات کی۔ اس سے قبل وزیراعظم سے سردار ممتاز علی بھٹو نے بھی ملاقات کی اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ بحرین میں قابل ذکر تعداد میں پاکستانی موجود ہیں جنہوں نے ترسیلات زر کے ذریعے قومی معیشت میں مثبت کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بحرین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے فروغ کی غرض سے دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ بحرین کی نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔