آرمی چیف کاشمالی و جنوبی وزیرستان اور پشاور کور ہیڈ کوارٹرزکا دورہ
اسلام آباد + پشاور (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جمعرات کو قبائلی علاقوں میں بری فوج کی فیلڈ فارمیشنوں کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا منصب سنبھالنے کے بعد شمالی و جنوبی وزیرستان کا یہ پہلا دورہ تھا۔ جنرل راحیل نے افسروں و جوانوں سے گفتگو میں ان کی حربی تیاری اور اعلیٰ مورال کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے فوج کی طرف سے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعہ اس علاقہ میں قیام امن کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے، پائیدار امن قائم کرنے اور دہشت گردی کے انسداد کی قومی کوششوں کا حصہ ہیں جن کے نتیجہ میں معاشی بہتری رونما ہو گی اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے افسروں اور جوانوں کو نصیحت کی کہ وہ فوج کے روایتی غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی خدمت کے جذبہ سے کام کریں۔ آرمی چیف نے گزشتہ روز پشاور کور کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر جنرل راحیل کو قبائلی علاقوں اور مالاکنڈ کی صورتحال شدت پسندوں کے خلاف آپریشن، پاک افغان سرحدی صورتحال پر بریفنگ دی گئی انہیں آپریشن زدہ علاقوں میں فوج کے زیر انتظام معمولات زندگی بحال کرنے کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی کے ساتھ ملکی صورت حال اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل راحیل نے شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن اور پاک فوج کی کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے یقین دلایا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔